سیئول: جنوبی کوریا میں بلند فضاؤں سے رن وے پر لینڈنگ کرتے ایشیانا ایئرلائن کے طیارے کا ایمرجنسی دروازہ اچانک ایک مسافر نے کھول دیا، ہواؤں کے تیز تھپیڑوں سے جہاز ہچکولے کھانے لگا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ جنوبی کوریا کے شہر ڈیگو میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔ پائلٹ نے بڑی مہارت سے طیارے کو رن وے پر اتار لیا۔
لینڈنگ سے چند منٹ قبل دروازہ کھولنے سے مسافر خوف زدہ ہوگئے اور جہاز کے ہچکولے کھانے سے کم عمر 9 مسافروں کی حالت غیر ہوگئی۔ سانس لینے میں دقت کے باعث انھیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
واقعے کے وقت تمام مسافروں نے سیٹ بیلٹ باندھی ہوئی تھیں اس لیے کوئی بڑا حادثہ رونما ہوا۔ ایئرپورٹ پولیس نے دروازہ کھولنے والے شخص کو حراست میں لے لیا۔