واشنگٹن: امریکا کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے حکومت اور اپوزیشن جماعت کے درمیان قرض کی حد مقرر کرنے کا بل لانے پر اتفاق ہوگیا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اس بات کا فیصلہ حکمراں جماعت ڈیموکریٹ اور پوزیشن جماعت ری پبلکنز کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد ہوا۔ جس میں صدر جوبائیڈن اور اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر ایوانِ نمائندگان میک کارتھی نے بھی شرکت کی۔
صدر جوبائیڈن اور اسپیکر ایوانِ نمائندگان میک کارتھی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قرض کی حد مقرر کرنے کے لیے بل پر اتفاق ہوگیا۔ یہ بل رائے شماری کے لیے بدھ کے روز پیش کیا جائے گا۔
اس بل سے امریکا کے معاشی بحران اور ڈیفالٹ ہونے کے خطرے سے نکل آنے کا امکان قوی ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں ہی امریکا کے قرضے 31.1 ٹریلین ڈالر کی بلند ترین سطح پر تھے اور اپوزیشن جماعت کے اکثریت کے باعث ایوان نمائندگان اور صدر بائیڈن کے درمیان قرض کی حد مقرر کرنے پر محاذ آرائی کے باعث ملک کے ڈیفالٹ کرجانے کا خطرہ تھا۔