پرویز خٹک متحرک، خیبر پختونخوا میں جلد نئی پارٹی یا دھڑا بنائے جانے کاامکان

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماء  پرویز خٹک سیاسی طور پر سرگرم ہوگئے، خیبر پختونخوا میں جلد ہی نئی پارٹی یا نیا دھڑا بنائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق رہنماء پرویز خٹک سے اسلام آباد میں سابق اراکین اسمبلی کی ملاقاتیں ہوئی ہیں اور پرویز خٹک کی جانب سے ایک بڑا گروپ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کو پہلے سے ہی 30 سے 40 اراکین کی حمایت حاصل ہے، بڑی سیاسی پارٹیوں کے بھی پرویز خٹک سے رابطے جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں جلد ہی نئی پارٹی یا نیا دھڑا بنائے جانے کا امکان ہے اس حوالے سے پی ٹی آئی کے اہم صوبائی رہنما نے پرویز خٹک کے رابطوں کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پرویز خٹک آئندہ انتخابات کے لیے نئی سیاسی پارٹی یا پریشر گروپ جلد سامنے لائیں گے، اب تک تیس سے زائد سابق ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی پرویز خٹک کی حمایت کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سینئرسیاستدان جہانگیر خان ترین نے استحکام پاکستان کے نام سے پارٹی کا اعلان کیا ہے، ان کی پارٹی میں پاکستان بھر سے 100 سے زائد سابق اراکین نے شمولیت اختیار کی ہے۔

لاہورمیں سابق سینئر وزیر علیم خان کی رہائش گاہ ہر عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں جہانگیر ترین سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جہانگیر ترین نے علیم خان کے گھر عشائیہ کے دوران نئی پارٹی کا اعلان کیا۔