شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے 4 ساتھی زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق پاک فوج کے شہید جوانوں میں صوبیدار اصغر علی، سپاہی نسیم خان اور سپاہی محمد زمان شامل ہیں، جنہوں نے دہشت گردوں کا جرأت و بہادری سے مقابلہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ صوبیدار اصغر علی شہید کی عمر 40 سال تعلق لکی مروت سے تھا، سپاہی نسیم خان شہید کی عمر 26 سال تعلق لکی مروت سے تھا، جبکہ سپاہی محمد زمان شہید کی عمر 22 سال تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان یہ مقابلہ 9 اور 10 جون کی درمیانی شب ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا تھا، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے، پاکستانی مسلح افواج دہشت گردی کے ناسورکے جڑ سے خاتمے کے لیے پرُعزم ہیں، بہادر جوانوں کی لازوال قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔