پشاور: خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں تیز آندھی اور بارش سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں‘ طوفان بادوباران سے 29 افراد جاں بحق اور147 سے زائد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد کی گزشتہ روز تدفین کردی گئی۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 10,10 لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 3 لاکھ جبکہ معمولی زخمیوں کو 50 ہزار روپے فی کس دینے کا اعلان کیا گیا۔
ہفتے کے دن تیزآندھی اور بارشوں کے باعث سب سے زیادہ نقصانات ضلع بنوں میں ہوا‘ جہاں 15 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ لکی مروت اورکرک میں 5,5 اموات واقع ہوئیں‘ ڈیرہ اسماعیل خان میں 4 افراد لقمہ اجل بنے‘۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 18 مرد‘ 8 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں‘ 147 زخمیوں میں سے 125 مرد‘ 17 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں جبکہ ایک سکول اور 69 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 125 سے زائد مویشی بھی ہلاک ہوئے۔