ایتھنز: یونان کے سمندر میں تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد ڈوب گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان کے سمندر میں تارکین وطن کی کشتی گنجائش سے زیادہ افراد کے سوار ہونے کے باعث تیز ہواؤں کے تھپیڑوں اور بلند لہروں کا مقابلہ نہ کرسکی۔ کشتی کا توازن بگڑا اور وہ الٹ گئی۔
کشتی میں 150 سے زائد افراد سوار تھے جو پانی میں ڈوب گئے۔ فوجی طیارے، ہیلی کاپٹر اور 6 کشتیوں کے ساتھ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے 100 افراد کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا جب کہ 59 افراد ہلاک ہوگئے۔ 4 تارکین وطن کی حالت نازک ہے جنھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے بڑے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ حادثہ بحیرہ آیونی میں پیش آیا تھا۔ کسی نے بھی لائف جیکٹ نہیں پہنی ہوئی تھی۔ حادثے کی شکار کشتی کے تارکین وطن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ بظاہر لگتا ہے کہ تارکین وطن لیبیا سے اٹلی جا رہے تھے۔
ایک اور واقعے میں یونان کی کوسٹ گارڈ نے 80 تارکین وطن کو لے جانے والی ایک بادبانی کشتی کو بھنور میں پھنس جانے پر بچالیا۔ کشتی کو کھینچ کر بندرگاہ لایا گیا۔
خیال رہے کہ یونان طویل عرصے سے افریقا اور مشرق وسطیٰ سے یورپ پہنچنے کے خواہشمند ہزاروں تارکین وطن کے لیے اہم لینڈنگ پوائنٹ ہے۔