ریڈیو پاکستان میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے اہم کردار کی نشاندہی

ریڈیو پاکستان پشاور میں توڑپھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے اہم کردار کی نشاندہی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا سابق ایم پی اے آصف خان ملوث ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف خان مشتعل مظاہرین سے مسلسل رابطے میں تھے اور انھیں توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ کی ہدایت دیتے رہے۔ واقعے کے بعد سے سابق ایم پی اے موبائل فون بند کرکے روپوش ہیں۔

پولیس کے مطابق آصف خان کیخلاف تھانہ شرقی میں مقدمہ درج ہے، ملزم کیخلاف درج ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔ ریڈیو پاکستان میں توڑپھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں گرفتار 51 ملزمان کے بیانات قلم بند کیے گئے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی گرفتاری کے بعد 9 اور 10 مئی کو ملک گیر پُرتشدد مظاہرے کیے گئے۔ پشاور میں شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان کی عمارت میں توڑ پھوڑ کرنے کے بعد آگ لگادی تھی۔