پولیس اور ایکسائز ٹیم کا سابق وزیر شہرام ترکئی کے گھر چھاپہ

پشاور: پولیس اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے سابق صوبائی وزیرشہرام ترکئی کے گھر چھاپہ مارا۔

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر شہرام ترکئی کی پشاور میں موجود رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا اور اس دوران2 لگژری گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔

پولیس کا بتانا ہےکہ چھاپے کے وقت شہرام ترکئی گھر میں موجود نہیں تھے اور اس دوران کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں آئی۔

ایک بیان میں شہرام ترکئی نے کہا کہ بغیر کسی سرچ وارنٹ کے گھر کی تلاشی لی گئی۔

اس سے قبل گزشتہ رات صوابی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے گھر پر ایکسائز حکام کا پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارا جس دوران  غیر رجسٹرڈ گاڑیاں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔

اسد قیصر نے کارروائی کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔