پشاور: بی آر ٹی روٹ پر نامعلوم کار سوار داخل، روکنے پر فائرنگ کردی

پشاور میں چمکنی موڑ کے قریب بس سروس (بی آر ٹی) کے مین روٹ پر نامعلوم کار سوار داخل ہوگیا، سیکورٹی گارڈ کے روکنے پر شہری نے فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق بی آر ٹی مین روٹ پر نامعلوم کار سوار داخل ہوا تو گارڈ نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن اس شخص نے فائرنگ کردی جس سے گارڈ زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد گارڈ کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ کار سوار ملزم بی آر ٹی روٹ سے نکل کر فرار ہوگیا۔

ترجمان ٹرانس پشاور نے بھی واقعہ کی تفصیلات بتائیں۔ انھوں نے کہا کہ آج صبح کالے رنگ کی گاڑی میں سوار شخص بی آر ٹی کوریڈور میں داخل ہوا اور روکنے پر اس نے گارڈ پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی۔ اس شخص کی فائرنگ سے گارڈ زخمی ہوا تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ترجمان ٹرانس پشاور نے مزید بتایا کہ چغلپورہ اسٹاپ پر اور ریلوے اسٹیشن اسٹاپ کے قریب کوئیک ریسپانس ٹیم نے کار سوار کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہوگیا، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ کار سوار کی جلد شناخت اور گرفتاری کیلئے پولیس کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔