1 دوست ملک پاکستان میں 20 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کریگا: مصدق ملک

وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے بتایا ہے کہ 1 دوست ملک نے کہا ہے کہ وہ 20 بلین ڈالرز کی اضافی سرمایہ کاری پاکستان میں کرے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام جب بھی ملے ہم ضرور پروگرام میں جائیں گے، ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر لی ہیں۔

وزیرِ مملکت مصدق ملک نے کہا ہے کہ جس پلان بی کا ذکر ہوا ہے وہ کل پیش کر دیا گیا ہے، جس کا اہم پہلو یہ ہے کہ 2 ممالک نے یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان 2 میں سے 1 ملک پاکستان کے لیے 25 بلین ڈالرز کا فنڈز بنائے گا، جی سی سی کے 1 ملک نے کہا ہے کہ 20 بلین ڈالرز کی اضافی سرمایہ کاری پاکستان میں کرے گا۔

وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ کوشش کر رہے ہیں کہ 12، 14 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا معاہدہ ڈیڑھ سے دو ماہ میں ہو جائے۔

ایل این جی کارگوز کی بولیاں نہ آنے کے حوالے سے مصدق ملک نے بتایا کہ کئی مرتبہ ایسا ہوا کہ ہم ٹینڈرز آفرز کرتے ہیں اور بڈز نہیں آتیں، یہ کوئی پہلی بار نہیں ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ سیاسی اور معاشی عدم استحکام کی وجہ سے بھی لوگ سرمایہ کاری نہیں کرتے، آذر بائیجان ہمیں ہر ماہ 1 گیس کارگو دے گا۔