خیبرپختونخوا، سرکاری ملازمین کو کل ہی تنخواہیں جاری کرنیکا حکم

پشاور: خیبرپختونخواحکومت نے صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کو 23 جون کو تنخواہیں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

ملازمین کو ایڈوانس تنخواہ عید قربان کی وجہ سے جاری کی جائے گی۔

صوبے کے مالی حالات کی وجہ سے عید الفطر پر صوبائی ملازمین کو تنخواہیں جاری نہیں کی گئی تھیں، جس کی وجہ سے سرکاری ملازمین مایوسی کا شکار ہوگئے تھے۔

اس مرتبہ صوبائی حکومت نے کل 23 جون کو ایڈوانس تنخواہ دینے کا حکم دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ 29 جون کو منائی جائے گی۔ وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ 29 جون بروز جمعرات، 30 جون بروز جمعہ اور یکم جولائی بروز ہفتے کو ملک میں عید کی تعطیلات ہوں گی۔