سوات: خوازہ خیلہ میں جلسے سے واپسی پر مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام کے قافلے کو حادثہ پیش آیا جس میں انجینئر امیر مقام محفوظ رہے تاہم پولیس وین الٹنے سے کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق امیر مقام کے قافلے میں شامل پولیس وین بے قابو ہوکر امیر مقام کی گاڑی سے جاٹکرائی اور الٹ گئی۔ حادثے میں امیر مقام محفوظ رہے اور پولیس وین کے اہلکار زخمی ہوگئے۔ مشیر وزیراعظم نے خود گاڑی سے اتر کر الٹی ہوئی پولیس وین کو سیدھا کرنے میں مدد کی اور اہل کاروں کا احوال دریافت کیا۔
حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم تین اہلکار زخمی ہوئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا، زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل امیر مقام پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی ناکام ہوئی ہے اور آج قافلے میں گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے۔