اسد قیصر کی فیملی برطانیہ روانہ ہوگئی

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی فیملی برطانیہ روانہ ہوگئی جب کہ اسد قیصر کیسز کی وجہ سے نہیں جاسکے۔

9 اور 10 مئی واقعات کے بعد کے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کے لئے ان کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر کے گھر پر بھی پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جارہے تھے جس کے باعث ان کی فیملی کے افراد برطانیہ روانہ ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق فیملی کی برطانیہ منتقلی کا فیصلہ اسد قیصر اوران کے بھائی عاقب نے کیا اور کارروائی سے بچنے کیلئے برطانیہ منتقلی کا فیصلہ خفیہ رکھا گیا۔

دوسری جانب اسد قیصر کے خاندانی ذرائع کا دعویٰ ہے اسد قیصر کے خاندان کے افراد ہر سال ان دنوں برطانیہ جاتے ہیں، اور اسد قیصر کیسز کی وجہ سے نہیں جاسکے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا کہ ان کے گھر کے دیگر افراد برطانیہ میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ان کے پاس چند دن گزارنے کے لئے خاندان کے کچھ افراد گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اسد قیصر کے مرغز میں واقع گھر سے چھاپے کے دوران دو گاڑیاں برآمد ہوئی تھیں، جنہیں پولیس حکام ساتھ لے گئے تھے، تاہم گاڑیوں کی رجسٹریشن درست ثابت ہونے پر واپس کردی گئیں تھیں۔