مسلح ملزمان باڑے سے 85 جانور لوٹ کر فرار

کراچی: دھابیجی ریلوے اسٹیشن کے قریب باڑے میں بڑی واردات، مسلح ملزمان باڑے میں موجود عملے کو یرغمال بنانے کے بعد 85 سے زائد جانور لوٹ کر فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کے علاقے دھابیجی ریلوے اسٹیشن کے قریب باڑے میں بڑی واردات کے دوران نامعلوم مسلح ملزمنا باڑے میں موجود عملے کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنانے کے بعد انہیں رسیوں سے باندھ دیا اور 85 سے زائد جانوری لوٹ کر فرار ہوگئے۔

لوٹے جانے والے جانوروں میں 67 بکریاں، 17 بھیڑ اور ایک گائے اور بچھڑے شامل ہیں۔

مسلح ملزمان 3 سے 4 گھنٹے تک باڑے میں موجود رہے اور جانوروں کو لوڈنگ گاڑیوں میں سوار کرکے فرار ہوئے۔ باڑے کے مالک پرویز باڑی سے واردات سے متعلق اسٹیل ٹاؤن تھانے درخواست جمع کروا دی ہے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن ذوالفقار آرائیں نے بتایا کہ واردات تین روز قبل ہوئی ہے اور فل الحال واردات کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے انھوں نے بتایا کہ باڑے کے مالک نے اپنے عملے پر شک کا اظہار کیا ہے تاہم اس حوالے سے بھی پولیس تفتیش کر رہی ہے۔