سوات ، پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر سمیت 2رہنما گرفتار

سوات کے سٹی مئیر شاہد علی خان اور سابق صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں رہنماؤں کے خلاف مختلف مقدمات درج ہیں۔

ذرائع کے مطابق میئر شاہد علی خان کے خلاف نشاط چوک میں احتجاج پر مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ ڈاکٹر امجد پر عمران خان کی گرفتاری کے بعد کارکنوں میں اشتعال دلانے کا الزام ہے۔

سابق سوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد کو ان کے حجرے سے گرفتار کیا گیا جبکہ سٹی میئر شاہد علی خان کی گرفتاری بھی ان کی رہائشگاہ سے عمل میں آئی۔

سابق صوبائی وزیر نے 9 مئی کے احتجاج کے دوران کارکنوں کو چکدرہ موٹر وے بلاکر توڑ پھوڑ کی، چکدرہ انٹر چینج کو نذر آتش بھی کیا گیا تھا، ڈاکٹر امجد کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

شاہد علی خان اور ڈاکٹر امجد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کو تین ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔

ڈاکٹر امجد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سابق صوبائی وزیر نے نو مئی مقدمات میں عدالت سے حفاظتی ضمانت لے رکھی تھی، پولیس بغیر وارنٹ کے رات کو گھر میں داخل ہوئی اور انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئی۔

اہل خانہ نے کہا کہ ہمیں پولیس نے کچھ بھی نہیں بتایا اور انہیں نامعلوم مقام پر اپنے ساتھ لے گئے۔