’جعلی پیر‘ نے بکرے کا خون پلا کر نوجوان کی جان لے لی

ٹنڈوآدم کے قریب جعلی پیر نے بیمار شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد بکرے کا خون پلادیا، بکرے کا خون پی کر نوجوان تڑپ تڑپ کر فوت ہو گیا۔

تعلقہ تھانہ ٹنڈوآدم کی حدود گوٹھ مانک تھیم کے رہائشی نوجوان عاشق علی ولد علی گل تھیم کی طبعیت خراب ہونے پر اس کے گھر والے دعا کے لئے ٹنڈوآدم کے قریب درگاہ ہاشم شاہ کے گدی نشین پیر شاہ کے پاس لے گئے، جو خود کو بھوپا بھی کہلاتا ہے۔

بھوپے پیر نے کہا کہ نوجوان عاشق علی پر جن ہے اور جن خون پیے گا، فوری بکرا لے آؤ ۔

بھوپے پیر نے بکرا کٹوا کر اس کا خون نوجوان عاشق علی کو پلا دیا۔

بکرے کا خون پینے کے بعد نوجوان کی طبیعت بگڑ گئی اور اس نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔

فوت ہونے والے عاشق علی تھیم کے ورثاء نے بھوپے پیر پر نوجوان کے قتل کا الزام عائد کیا اور باگو ودادانی پولیس پوسٹ پر بھوپے پیر پر این سی داخل کروا دی۔

ورثاء نے تعلقہ تھانے سے میڈیکل لیٹر لے کر لاش کا تعلقہ اسپتال سے پوسٹ مارٹم کروایا۔

 متاثرہ شخص کا بھائی اکرم علی سانگھڑ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے (اسکرین گریب /  آج نیوز
متاثرہ شخص کا بھائی اکرم علی سانگھڑ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے 

فوت ہونے والے نوجوان عاشق علی تھیم کے بھائی اکرم علی تھیم نے میڈیا کو بتایا کہ اس کے بھائی کو بھوپے پیر اور اس کے سہولتکاروں روشن تھیم اور سلطان تھیم نے قتل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھوپے پیر نے میرے بھائی پر جن نکالنے کے بہانے تشدد کیا اور اسے بکرے کا خون پلایا جس سے میرا بھائی تڑپ تڑپ کر فوت ہوگیا۔

مقتول کے بھائی نے اعلیٰ افسران سے فراڈی بھوپے پیر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔