کراچی؛ موبائل چھیننے پر مزاحمت، ڈاکوؤں نے 12 سالہ بچے کو گولی ماردی

کراچی: شہر قائد میں پولیس سے بے خوف ڈاکوؤں نے ڈکیتی میں مزاحمت پر معصوم بچے پر گولی چلانے سے بھی دریغ نہیں کیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق تھانہ پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ اسلام چوک کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک بچے کو زخمی کر دیا اور  موبائل فون و نقدی چھین کر فرار ہوگئے ۔

گولی لگنے سے زخمی ہونے والے بچے کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمی بچے کی شناخت 12 سالہ فضائل ولد صالح الدین کے نام سے کی گئی ۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

علاوہ ازیں تھانہ خواجہ اجمیرنگری کے علاقے نارتھ کراچی بلال کالونی سیکٹر ون ڈی ون میں ایک گھر میں پراسرار فائرنگ سے 18 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی ۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والی لڑکی کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں اس کی شناخت اسما رب نواز کے نام سے کی گئی ۔ پولیس نے تمام ممکنہ پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔