بند کمروں میں فیصلے کئے، کسی کو خیبر پختونخوا کسی کو پنجاب ،سندھ دیا گیا: اسد قیصر

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف الیکشن میں نہیں ہوگی تو پھر اس الیکشن کی حیثیت کیا ہوگی کوئی اس الیکشن کو مانے گا نہ ہی تسلیم کرے گا۔

تفصیلات ک مطابق پشاور ہائیکورٹ کے احاطے میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ  تحریک انصاف الیکشن میں نہیں ہوگی تو پھر اس الیکشن کی حیثیت کیا ہوگی کوئی اس الیکشن کو مانے گا نہ ہی تسلیم کرے گا۔اگر یکساں موقع نہیں دیا گیا تو یہ الیکشن ملکی تاریخ کا سب سے دھاندلی زدہ الیکشن ہوگا، تمام قوتوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ عوام کی رائے کا احترام کیا جائے۔

آئین و قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک اور معاشرہ نہیں چل سکتا، پرویز خٹک کے بیان پر پارٹی نے اپنا مؤقف دے دیا ہے اس بیان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ خیبرپختونخوا کی عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ جھنڈا مہم میں لوگ جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔ عوام کا جوش و خروش بتا رہا ہے کہ خیبرپختونخوا عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کے کھڑا ہے، یہ حکمران ملک کے فیصلے بھی لندن اور دبئی میں کرتے ہیں۔

اسد قیصرکا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے قرض لینے پر جشن منارہے ہیں۔آئی ایم ایف سے جو ڈیل ہوئی ہے اسے پبلک کیا جائے، عوام کو بتایا جائے کہ مزید کتنی مہنگائی آئے گی کتنے ٹیکس لگیں گے۔ عوام 2 وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہے۔ بجلی، گیس سب چیزیں مہنگی کر دی گئی ہیں، یہ کس منہ سے الیکشن میں عوام کے پاس جائے گے۔

سابق اسپیکر کا کہنا تھا کہ بند کمروں میں فیصلے کئے گئے، کسی کو خیبر پختونخوا دے دیا تو کسی کو پنجاب اور سندھ دیا گیا۔ انہوں نے آپس میں بندر بانٹ کرلی، ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ عوام کہاں ہوں گے۔