پنجاب کے ضلع سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں گورنمنٹ کامرس کالج کے قریب وین میں گیس سلینڈر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 14 دیگر زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کنٹرول روم کی جانب سے جاری بیان کے 7 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 14 زخمی افراد میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں بھلوال تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
مزید بتایا کہ 5 لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی، جنہیں اُسی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ریسکیو 1122 کو صبح 8 بج کر 35 منٹ پر کال موصول ہوئی، ان کا ردعمل کا وقت 7 منٹ تھا، 9ایمبولینسز، تین فائر فائٹنگ گاڑیاں اور ایک ریسکیو گاڑی جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی۔
ریسکیو 1122 کنٹرول روم کے مطابق کال میں بتایا گیا کہ ایک ہائی ایس میں ایل پی جی سلینڈرگیس لیکیج کی وجہ سے آگ لگ گئی ہے اور کچھ مسافر بھی اس میں پھنسے ہوئے ہیں۔
زخمی ہونے والے افراد میں 2 بچے بھی شامل ہیں، جن کی عمریں 4 اور 12 سال ہیں جبکہ 50 سال کے 2 افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
گزشتہ ماہ گیس سلینڈر پھٹنے کے 3 مختلف واقعات میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے تھے۔