ملک میں بارشوں سے حادثات میں اموات 78 ہو گئیں

ملک میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 78 ہو گئی۔

پنجاب میں 48، خیبر پختون خوا میں 20 افراد جان سے گئے، 130 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

تازہ واقعات میں رائے ونڈ اور قصور میں کرنٹ لگنے سے 2 مزید ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

لاہور کے نشتر ٹاؤن اور شاہدرہ ٹاؤن میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 9 افراد زخمی ہو گئے۔

کوہلو میں بارش سے شاہراہ متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث کوہلو کا سبی سمیت اندرونِ بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

آج بھی تیز بارشوں کی پیشگوئی

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے شہروں لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں آج بھی تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں حیدر آباد، تھر پارکر، میر پور خاص میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

پشاور، سوات، چترال، دیر، کوہستان میں بھی آج بارش متوقع ہے۔

کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختون خوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

ادھر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ژوب، قلعہ سیف اللّٰہ، شیرانی، موسیٰ خیل کے بعض علاقوں میں آج شام بارش کا امکان ہے۔

بولان، لسبیلہ، ڈیرہ بگٹی، سبی، کوہلو اور جھل مگسی میں بھی شام کو بارش ہو سکتی ہے۔