گورنر خیبر پختونخوا نے نگران وزیر ٹرانسپورٹ کو کابینہ سے ہٹانے کی سمریاں واپس بھیج دیں

گورنر خیبر  پختونخوا  غلام علی نے نگران وزیر ٹرانسپورٹ شاہد خٹک کو کابینہ سے ہٹانے کی نگران وزیراعلیٰ کی دو سمریاں واپس بھیج دیں۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ اعظم خان نے صوبائی وزیر شاہد خٹک کو کابینہ سے ہٹانے کی دو سمریاں گورنر غلام علی کو بھیجیں.

ایک سمری الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق کابینہ سے ہٹانے کے حوالے سے تھی جب کہ دوسری سمری شاہد خٹک کے استعفیٰ کو قبول کرنے سے متعلق تھی۔

ذرائع کے مطابق گورنر نے وزیراعلیٰ کو ایک سمری بھیجنے کی درخواست کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کو نگران  وزیر شاہد خٹک کو سیاسی جلسے میں شرکت کرنے پر کابینہ سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب نگران وزیر شاہد خٹک نے وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کو اپنا استعفا بھی ارسال کیا تھا۔