پشاور: گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے نگران وزیر شاہد خٹک کے استعفے کی سمری پر دستخط کردیے۔
محکمہ ایڈمنسٹریشن کی سمری کے مطابق نگران وزیراعلیٰ نے گورنر کو نگران وزیر شاہد خٹک کا استعفیٰ منظور کرنے کی سمری بھیجی تھی جس کے پیش نظر گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے نگران وزیر شاہد خٹک کے استعفی کی سمری پر دستخط کردیے۔
محکمہ ایڈمنسٹریشن کی سمری میں بتایا گیا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ اعظم خان نے الیکشن کمیشن کے حکم پر نگران وزیر شاہد خٹک کو کابینہ سے نہیں ہٹایا۔
سیاسی جلسےمیں شرکت پر الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کو 22 جولائی کو متعلقہ وزیر کو ہٹانا کا حکم دیا تھا۔
محکمہ انتظامی امور کی جانب سے جاری کردہ سمری کے مطابق سیکرٹری ایڈمنسٹریشن اور وزیراعلیٰ کو شاہد خٹک کا استعفیٰ 23 جولائی کی رات 11:50 پر موصول ہوا،استعفے میں شاہد خٹک نے 21 تاریخ لکھی تھی۔
نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان نے شاہد خٹک کو کابینہ سے ہٹانے کی دو سمریاں گورنر کو بھیجی تھیں، ایک سمری الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق کابینہ سے ہٹانے کے حوالے سے تھی، دوسری سمری شاہد خٹک کے استعفی کو قبول کرنے سے متعلق تھی۔
گورنر نے وزیراعلیٰ کو ایک سمری بھیجنے کی درخواست کی ہے، وزیراعلیٰ نے الیکشن کمیشن کی سمری کی بجائے استعفے منظور کرنے کی سمری بھیج دی۔
نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک نے سیاسی جلسے میں شرکت کی تھی۔