پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی صدر علی امین گنڈاپور نے نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے ملاقات کیلیے انہیں خط لکھ دیا۔
علی امین گنڈاپور نے خط میں نگراں وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ خط کے ذریعے آپ سے ہنگامی ملاقات کی باضابط درخواست کرتا ہوں، پہلی بار صوبے میں پی ٹی آئی نے تنہا حکومت بنائی اور دو بار حکومت کی۔
’صوبائی اسمبلی تحلیل کے بعد نگراں حکومت کا کام 90 دن میں شفاف انتخابات کا انعقاد تھا۔ 191 دن گزرنے کے باوجود نگراں حکومت نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی۔ کیا ابھی تک انتخابات کا انعقاد نہ ہونا آئین کی خلاف ورزی نہیں؟‘
پی ٹی آئی رہنما نے لکھا کہ غیر آئینی و غیر قانونی نگراں حکومت پی ٹی آئی کو کچلنے کی مہم میں مصروف ہے، یاد رہے کہ بطور وزیر اعلیٰ آپ پی ٹی آئی اور اپوزیشن کے مشترکہ نامزد امیدوار ہیں۔
خط کے متن کے مطابق سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی نے آپ کے نام کی منظوری میں ایک لمحہ بھی نہیں لگایا، وہ آپ کو پشتون روایت میں معزز اور منصف آدمی سمجھتے ہیں، کیا آپ موجودہ اقدامات کو پشتون ثقافت اور اقدار میں جائز قرار دے سکتے ہیں؟