اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی نے دوست ممالک سے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے وزارتوں کے منصوبوں کی حتمی منظوری دے دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہوا جس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے مختلف منصوبوں کی حتمی منظوری دی گئی۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں خلیجی ممالک اور چین کی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اقدام کے تحت مثبت رفتار کو جاری رکھنے کے لیے ایس آئی ایف سی کی تیسری ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، وزرائے اعلیٰ، وفاقی اور صوبائی وزراء نے شرکت کی۔
اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ چین کے بعد سعودی عرب کا بھی اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آمد کے لیے تیار ہے۔
جس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے وفد کی آمد پر بھرپور تیاریوں کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم نے مختصر مدت میں ایس آئی ایف سی کے تیز رفتار آپریشنلائزیشن اور باہمی تعاون کے ذریعے اس کے مؤثر کام کو سراہا۔
ایپکس کمیٹی نے سیمینارز اور پراجیکٹ کے افتتاح کے ذریعے جاری آؤٹ ریچ حکمت عملی کے عالمی اثرات کو بھی سراہا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جلد ہی شروع ہونے والی ایس آئی ایف سی کی ویب سائٹ کے ذریعے اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔
ایپکس کمیٹی نے زراعت، لائیو سٹاک، کان کنی، معدنیات، آئی ٹی اور توانائی کے اہم شعبوں میں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے وزارتوں کی طرف سے پیش کیے گئے منصوبوں کی حتمی منظوری دی۔