بیرسٹر سیف نے چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کا فیصلہ غیرقانونی قرار دیدیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کا فیصلہ غیرقانونی ہے۔

ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 2021 میں الیکشن کمیشن کو ایسا کرنے سے منع کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے تحت الیکشن کمیشن کو ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کا اختیار نہیں۔

بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل نمٹانے تک الیکشن کمیشن پارٹی چیئرمین کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے حکم کے تحت پنجاب میں الیکشن تو نہ کرا سکا، الیکشن کمیشن نے الیکشن نہ کر کے توہین عدالت کا ارتکاب کرا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی میں الیکشن کمیشن غیر معمولی مستعدی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کو تین سال کی سزا کے بعد الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم کی 5 سال کے لیے نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔