بجلی،گیس کے بعدعوام کیلئے پانی بھی مہنگا کردیا گیا

بجلی، گیس اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پنجاب حکومت نے عوام کیلئے پانی بھی مہنگا کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بجلی ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے 19 سال بعد پانی کا ٹیرف 100 فیصد سے زیادہ کر دیا گیا،واسا نے لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور ملتان میں نیا واٹر ٹیرف نافذ کر دیا ہے، گھریلو اور کمرشل صارفین کے واٹر ٹیرف میں اضافہ کر دیا گیا ہے،کمرشل ،انڈسٹریل اور سرکاری دفاتر کے ٹیرف میں بھی اضافہ ہوگیا۔

جنرل سٹور، ہارڈ ویئر شاپ، میڈیکل سٹور، ٹیلر شاپ ماہانہ اوسطاً 1303 روپے واسا کو بل ادا کریں گے،سکول، کالج، اکیڈمیز ، ڈاکٹر کلینک، پراپرٹی ڈیلر، سٹیل گرل مینوفیکچر ماہانہ اوسطاً 3258 روپے بل ادا کریں گے،پرائیوٹ ہسپتال، کلینک، لیبارٹری، مل شاپس، حمام، دھوبی گھاٹ ماہانہ 5345 روپے پانی کا بل ادا کریں گے،ریسٹورنٹ، پلاسٹک مینوفیکچر، شوز مینوفیکچر، پاور لوم، ماچس فیکٹری ماہانہ 7435 روپے پانی کا بل ادا کریں گے۔

ایک ہزار مربع فٹ پر واقع ریسٹورنٹ، فاؤنڈری سٹیل مل، ربڑ مل ماہانہ 10455 روپے پانی کا بل ادا کریں گے،سیمنٹ پائپ فیکٹری، گھی اور آئل مل ماہانہ 13480 روپے پانی کا بل ادا کریں گے۔

ترجمان  کا کہنا ہے کہ واسا کو خسارے سے نکالنے کے لیے پنجاب حکومت نے پانی کے بلوں میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے ،تین مرلہ اور پانچ مرلہ رہائشی گھروں کو سبسٹڈی دی جائے گی،بجلی اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ٹیرف میں اضافہ کیا گیا ہے۔