خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کیلئے اہم شخصیات کے نام کلیئر ہوگئے، نگران وزیراعلیٰ نے اسلام آباد اور پشاور میں اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ نئی نگران کابینہ صرف وزراء تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کا انتخاب نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کیلئے آزمائش بن گیا، اسلام آباد اور پشاور میں طویل ملاقاتوں کے بعد متعدد ناموں کی کلیئرنس دے دی گئی ہے۔
متوقع نگران کابینہ میں اپنے شعبہ جات کے ماہرین کو لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں ٹیکنوکریٹس کے ساتھ ساتھ ریٹائرڈ بیوروکریٹ بھی شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا کی مستعفی نگران کابینہ کے 5 ناموں کی بھی دوبارہ شمولیت کی کلیئرنس دی جاچکی ہے، جن میں جسٹس (ر) ارشاد قیصر، حمایت اللہ، سید مسعود شاہ، ڈاکٹر ریاض اور بیرسٹر فیروز جمال شاہ شامل ہیں، تاہم ان کو لینے یا نہ لینے کا حتمی فیصلہ نگران وزیراعلیٰ کریں گے۔
نئی نگران کابینہ کیلئے سابق سیکریٹری اشفاق خان، سابق بیوروکریٹس ظہور الحق اور عامر عبداللہ کے نام بھی شامل ہیں۔
نگراں حکومت نے صوبائی کابینہ صرف وزراء تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، 48 گھنٹوں میں نگران کابینہ کے نام فائنل کرکے حلف برداری کی تقریب کا امکان ہے۔