سعودی عرب سے تعلقات درست راستے پر ہیں، ایران

سعودی عرب کے دورے پر موجود ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے تعلقات درست راستے پر ہیں اور ہم سعودی عرب ایران تعلقات میں پیش رفت کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں حسین امیر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ سے بات چیت کامیاب رہی، ملاقات میں وسیع بنیادوں پر مختلف مسائل پر گفتگو ہوئی۔

مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ شاہ سلمان کی دعوت پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی آمد کے منتظر ہیں، اسلامی بھائی چارے کی بنیاد پر سعودی ایران تعلقات کے نئے دور کو دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران مشترکہ مفادات پر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے سعودی عرب کے ایک روزہ دورے کیلئے ریاض ائیرپورٹ پہنچنے پر سعودی نائب وزیرخارجہ نے ان کا استقبال کیا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اپنے ایک روزہ دورے کے دوران ایرانی وزیرخارجہ، سعودی ہم منصب سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایک روزہ دورہ سعودی عرب میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی، بین الاقوامی مسائل پر توجہ مرکوز رہے گی۔

یاد رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان مارچ میں چین کی ثالثی میں سات سال بعد سفارتی تعلقات بحال ہوئے تھے۔