دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک روز قبل ہالینڈ کے انتہائی دائیں بازو کے ایک کارکن نے ہیگ میں ترک سفارت خانے کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کی تھی۔
ہالینڈ کی حکومت بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کر چکی ہے لیکن ہالینڈ حکومت کا کہنا ہے کہ اس کے پاس ایسی کاروائیاں روکنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے نامہ نگاروں نے دیکھا کہ انتہائی دائیں بازو کے گروپ پیگیڈا کی ڈچ شاخ کے سربراہ ایڈون ویگنس ویلڈ نے قرآن پاک کے ایک نسخے کی بے حرمتی کی۔ ان کے ساتھ دو اور لوگ بھی تھے۔
پولیس نے اس سڑک تک رسائی بند کر دی تھی جہاں ترک سفارت خانہ واقع ہے اور وہاں تقریبا پچاس مظاہرین بھی موجود تھے۔ ان میں سے کچھ نے ویگنس ویلڈ پر پتھر پھینکے جب اس نے قرآن مجید کے صفحات کو پھاڑنا شروع کیا۔
ڈھال اور لاٹھیوں سے لیس تقریبا تیس پولیس اہلکاروں نے اس وقت مداخلت کی جب ہجوم نے قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والوں کو پکڑنے کی کوشش کی۔