خیبرپختونخواحکومت نے صوبے بھر کی چیئر لفٹس کے معائنے کی ہدایت کردی 

پشاور: خیبر پختونخوا کی نگران حکومت نے بٹگرام چیئر لفٹ واقعہ کے بعد تمام اضلاع کی انتظامیہ کو کمرشل اور رہائشی چیئر لفٹس کے معائنے کا حکم دیتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر رپورٹ طلب کرلی ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے شہر بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد کو نکالنے کیلئے کئی گھنٹے سے جاری ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا اور تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

اس کے بعد خیبر پختونخوا کی نگران حکومت نے بٹگرام چیئر لفٹ حادثے کے بعد تمام اضلاع کی انتظامیہ کو کمرشل اور نجی چیئر لفٹس اور کیبل کارز کے معائنے کی ہدایت کردی۔

سرکاری حکام کے مطابق صوبے بھر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو چیئر لفٹس کے معائنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ ایک ہفتے کے اندر حکومت کو جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ تمام کمرشل،ڈومیسٹک،تفریحی مقامات، دریاوں اور ندی نالوں کے اوپر چلنے والی سفری چیئر لفٹس یا کیبل کارزکی چیکنگ کی جائے۔

،صوبائی حکومت کے مطابق تمام چیئر لفٹس کے ڈیزائن،گنجائش اور ان میں حفاظتی اقدامات کا معائنہ کیا جائے، اس کے علاوہ چیئر لفٹس چلانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے این او سی لینا لازمی ہوگا ۔