برطانیہ میں پناہ گزینوں کو پکڑنے کیلئے الیکٹرانک ٹیگ تیار

برطانیہ میں پناہ کے متلاشیوں کو روپوش ہونے سے روکنے کیلئے الیکٹرانک ٹیگ لگایا جائے گا۔

دی ٹائمز اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے ہوم آفس کا کہنا ہے کہ غیرقانونی طور پر برطانیہ پہنچنے والے پناہ گزینوں کی الیکٹرانک اور جی پی ایس ٹیگ سے نگرانی کی جا سکتی ہے۔

غیر قانونی مائیگریشن ایکٹ کے تحت، جسے ہاؤس آف کامنز نے اپریل میں منظور کیا تھا جو کوئی بھی چھوٹی کشتیوں پر ملک میں آئے گا اسے سیاسی پناہ کا دعویٰ کرنے سے روکا جائے گا اور اسے حراست میں لے لیا جائے گا۔
پھر اسے واپس اپنے آبائی علاقوں یا پھر کسی تیسرے ملک میں بھیج دیا جائے گا۔

لیکن ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ ہوم آفس کے حکام کو اس بات کو یقینی بنانے کا کام سونپا گیا ہے کہ پناہ کے متلاشی وہ افراد جنہیں حراست میں نہیں لیا جا سکتا وہ فرار یا غائب نہ ہوں۔

برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں، ہوم سکریٹری سویلا بریورمین نے کہا کہ ہم نے ابھی اپنے غیر قانونی مائیگریشن ایکٹ کی شکل میں قانون سازی کا ایک تاریخی باب نافذ کیا ہے جو ہمیں غیر قانونی طور پر یہاں آنے والوں کو حراست میں لینے کا اختیار دیتا ہے اور اس کے بعد انہیں فوری طور پر واپس بھیج دیا جاتا ہے۔