مہنگائی کا جن قابو سے باہر ہو گیا، روٹی، دودھ، دہی، دالوں اور چاول سمیت متعدد اشیاء خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق روٹی کی قیمت 15 سے بڑھا کر 18روپے کر دی گئی جبکہ شہر میں روٹی پہلے ہی 20 روپے کی فروخت کی جا رہی ہے، دودھ کی قیمت 140سے بڑھا کر 160 روپے اور دہی کی قیمت 165 سے بڑھا کر 180روپے کر دی گئی ہے۔
دال مسور کی قیمت 250 سے بڑھا کر 270 روپے مقرر کر دی گئی، چاول کی قیمت 10 روپے اضافے کے بعد 310 روپے ہو گئی، باسمتی چاول کا ہول سیل ریٹ 305 اور ریٹیل 310 روپے فی کلو، دال چنا باریک کی قیمت ہول سیل میں 200 اور پرچون میں 205 روپے فی کلو، دال چنا سپیشل ہول سیل میں 210 اور عام مارکیٹ میں 215 روپے فی کلو کر دی گئی۔
دال مسور امپورٹڈ ہول سیل میں 265 اور پرچون میں 270 روپے، مونگ دال چھلکے والی ہول سیل میں 215 اور عام مارکیٹ میں 220 روپے، دال ماش دھلی امپورٹڈ ہول سیل میں 500 اور پرچون میں 510 روپے، دال ماش چھلکے والی ہول سیل میں 445 اور عام مارکیٹ میں 450 روپے، کالے چنے موٹے ہول سیل میں 210، ریٹیل میں 215 روپے فی کلو دستیاب ہوں گے۔
باریک چنے ہول سیل میں 195 اور پرچون میں 200 روپے، سفید چنے کی ہول سیل قیمت 315 اور عام مارکیٹ میں 320 روپے، بیسن ہول سیل میں 210 اور پرچون میں 215 روپے فی کلو میں فروخت ہوگا، پانی، بوتلیں، مشروبات اور دیگر کمپنیوں کی پراڈکٹس پرنٹ شدہ قیمتوں پر فروخت کی جائیں گی۔