نگران وفاقی وزیرتجارت گوہر اعجاز نے 30 دن میں ملک بھر کی بند انڈسٹریز دوبارہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں تمام غیر فعال صنعتوں کی فہرست طلب کرلی۔
اسلام آباد میں پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کی ڈیڈ لائن کے ساتھ ملک میں بند تمام صنعتوں کو بحال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال کیلئے ٹیکسٹائل برآمدات میں 25 بلین ڈالر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نگران وفاقی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ گیس، بجلی، توانائی اور فنڈز کی تقسیم سے متعلق چیلنجز کو مؤثر طریقے سے حل کیا جائے گا، مختلف وجوہات کی بنا پر بند صنعتوں کو 30 ستمبر تک دوبارہ کھولا جائے گا۔
گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں صنعت کاروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے ذاتی طور پر بات چیت کروں گا۔