پشاور سمیت کئی شہروں میں شٹر ڈاؤن رہا

بجلی کے مہنگے بلوں کے خلاف اسلام آباد، پشاور،کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں تاجروں نے دکانوں اور  بازاروں کو تالے لگادیے،کئی  شہروں میں عوام نے  احتجاج کیا  اور  بجلی کمپنیوں  کے خلاف نعرے  لگائے۔

بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف آل پاکستان انجمن تاجران کی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر مختلف شہروں میں کاروباری مراکز بند  رہے۔

اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی، کاروباری مراکز  اور  بازار بند کرکے تاجروں نے دکانوں اور بازاروں کو تالا لگادیا۔

سڑکوں پر شہریوں نے بھی بجلی کے مہنگے بلوں کے خلاف احتجاج کیا اور اضافی ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بجلی کے بلوں کو آگ لگادی۔

کراچی کی مصروف ترین شارع فیصل پر بلوچ کالونی کے قریب مظاہرہ کیا گیا جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

سکھر میں بھی تاجروں نے احتجاج کیا، وہاڑی ، رحیم یار خان، بہاول نگر اور مظفرگڑھ اور سکھر میں بھی تاجروں نے دکانیں نہیں کھولیں۔

مظاہروں کا سلسلہ آزادکشمیر تک پہنچ گیا، مظفرآباد، ہٹیان بالا، گڑھی دوپٹہ،چکوٹھی، جہلم ویلی،نیلم ، اٹھ مقام اور تاؤبٹ سمیت کئی شہروں میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، شہریوں نے ٹائروں کو آگ لگا کر غصہ نکالا۔