ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے روایتی حریف پاکستان کے خلاف 4.2اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنا لیے ہیں، تاہم میچ بارش کے سبب روک دیا گیا ہے۔
سری لنکا کے شہر کینڈی میں ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے باؤلنگ کا آغاز شاہین شاہ آفریدی نے کیا، جنہوں نے اپنے پہلے اوور میں 6 رنز دیے، دوسرے اوور میں نسیم شاہ کی تیسری گیند پر روہت شرما کا کیچ محمد رضوان سے ڈراپ ہو گیا۔
دوسرے اوور کے اختتام پر بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 9 رنز بنا لیے، شاہین شاہ کے اگلے اوور کی دوسری گیند پر روہت شرما نے شاندار چوکا رسید کیا، تین اوورز میں بھارت نے 15 رنز بنائے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا۔
نسیم شاہ نے اپنے دوسرے اوور میں نپی تلی باؤلنگ جاری رکھی، اور میڈن اوور کروایا۔
پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ سینچروں کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے بابر اعظم کو ایک تھری فیگر اننگز کھیلنی ہے، سعید انور نے سب سے زیادہ 20 سینچریاں اسکور کر رکھی ہیں۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ موسم تھوڑا (ابر آلود) ہے لیکن ہم اس کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے، بنگلور میں ہمارا 6 روزہ کیمپ تھا جہاں ہم نے اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ ایک معیاری ٹورنامنٹ ہے، جس میں اچھی ٹیمیں ہیں، ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ ہم یہاں کیا کر سکتے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، ہم نے گزشتہ ڈیرھ مہینے کے دوران یہاں پر بہت کرکٹ کھیلی ہے، لہٰذا ہمیں کنڈیشن پتا ہے۔