پشاور ہڑتال، مشتعل افراد نے جلے ٹائر بی آر ٹی پر پھینک دیے

جماعت اسلامی نے آج بجلی کے بلوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف ہڑتال کی۔ مختلف شہروں میں کاروباری مراکز بند رہے۔ بعض مقامات پر بدنظمی کے واقعات بھی ہوئے۔ پشاور میں مشتعل افراد نے جلے ہوئے ٹائر بی آر ٹی روٹ پر پھینکے۔

ہڑتال کے دوران مظاہرین نے کراچی، پشاور سمیت دیگر شہروں میں سڑکیں بند کیں۔

کراچی میں نیشنل ہائی وے پر موجود دکانیں اور ہوٹل بند کردیے گئے جبکہ کئی مقامات پر سڑکیں بند کرادی گئیں۔


نیشنل ہائی وے پر ٹائر نذر آتش کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی معطل کردی گئی، جبکہ گلشن حدید سے چلنے والی ریڈ بس سروس بھی معطل کی گئی۔

مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کر کے بھاگنے پر مجبورکردیا۔

قائد آباد منزل پمپ پر سیاسی جماعت کے کارکنان پہنچے تو داؤد چورنگی پر ہیوی ٹریفک کی طویل قطار لگ گئی۔ لسبیلہ پٹیل پاڑہ میں بھی ٹائر جلا کر ٹریفک روک دی گئی۔

پشاور میں جماعت اسلامی کے احتجاج میں بدنظمی دیکھی گئی۔

مشتعل افراد کی جانب سے اشرف روڈ پر زبردستی دکانیں بند کرائی گئیں۔ بی آر ٹی بسوں کو بھی روکنے کی کوشش کی گئی۔

مشتعل افراد کی جانب سے جی ٹی روڈ پر جمع ہوئے اور جلے ہوئے ٹائر بی آر ٹی روٹ پر بھی پھینک دیے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے لاہور کے مال روڈ پر بھی احتجاج کیا گیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔

شرکا نے سابقہ حکومت اور نگراں حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور مال روڈ سے لوئر مال کی طرف جانے والا راستہ ٹریفک کے لئے بند کیا۔