بارش کے باعث پاک بھارت میچ بے نتیجہ ختم کردیا گیا۔
سری لنکا کے شہر کینڈی کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 267 رنز کا ہدف تھا تاہم پاکستان بارش کے باعث اپنی اننگز شروع نہیں کرسکا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیکر میچ ڈرا کردیا گیا۔
قبل ازیں کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، بھارت کی ٹیم 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور 48.5 اوورز میں 266 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔
میچ کے آغاز میں پاکستانی بولرز بھارتی بلے بازوں پر حاوی رہے۔ بھارت کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گری جب کہ 66 رنز کے مجموعی اسکور تک بھارت کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔
بھارتی اوپنر روہت شرما 11، ویرات کوہلی 4، شیرس ایر 14 اور شبمن گِل 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تاہم بعد میں آنے والے ایشان اور ہارڈیک پانڈیا کریز پر جم گئے اور اسکور کو کافی آگے لے گئے۔
بھارت کی پانچویں وکٹ 204 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایشان کشان 81 گیندوں پر 82 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ہارڈیک پانڈیا 239 کے مجموعی اسکور پر 87 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 90 گیندوں کا سامنا کیا۔
ایشان کشان اور ہارڈیک پانڈیا کے آؤٹ ہوتے ہی ایک بار پھر بھارت کی وکٹیں تیزی سے گرنے لگیں اور رویندرا جدیجا 14، شردل ٹھاکر 3، کلدیپ یادیو 4 اور جسپریت بمراہ 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی نے ویرات کوہلی، روہت شرما، ہارڈیک پانڈیا اور رویندرا جدیجا کو جبکہ حارث رؤف نے شبمن گِل، شیرس ایر، ایشان کشان کو پویلین بھیجا۔ نسیم شاہ نے شردل ٹھاکر، کلدیپ یادیو اور جسپریت بمراہ کی وکٹ حاصل کی۔