کراچی اور پشاور سے اکٹھے کیے گئے 4 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) میں پاکستان کی نیشنل پولیو لیبارٹری کے ذرائع کے مطابق لیب نے کراچی اور پشاور کے 4 ماحولیاتی (سیوریج) نمونوں میں ٹائپ-ون وائلڈ پولیو وائرس (ڈبلیو پی وی ون) کی تصدیق کی ہے۔
ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پشاور سے 3 نمونے جمع کیے گئے اور ایک نمونہ ضلع کراچی میں کیماڑی کے علاقے سے جمع کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں 2023 میں پہلی بار پولیو وائرس کی تصدیق جون میں سہراب گوٹھ کے ماحولیاتی نمونے میں ہوئی تھی، اس سے قبل کراچی میں پولیو کے مثبت نمونے اگست 2022 میں لانڈھی اور ملیر سے ملے تھے۔
عہدیدار نے بتایا کہ اگر پولیو وائرس سیوریج کے پانی میں پایا جاتا ہے تو اس کے نمونے کو مثبت کہا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے سیوریج کے پانی کے نمونے پولیو مہم کی کامیابی کا تعین کرنے کے لیے ایک بنیادی پیرامیٹر ہیں، سیوریج میں وائرس کی موجودگی سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ علاقے میں بچوں کی قوت مدافعت میں کمی آئی ہے اور انہیں یہ بیماری لگنے کا خطرہ موجود ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ ’پاکستان پولیو پروگرام‘ ہر ماہ ملک کے 114 مقررہ ماحولیاتی مقامات پر پولیو وائرس کی جانچ کر رہا ہے، زیادہ خطرے والے علاقوں میں نگرانی کو مزید بڑھانے کے لیے یہ وقتاً فوقتاً متعدد مقامات سے سیوریج کے اضافی نمونے بھی جمع کرتا رہا ہے، مزید برآں ہم افغانستان اور یمن سے اکٹھے کیے گئے ماحولیاتی نمونوں کی بھی جانچ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پولیو ایک انتہائی متعدی اور لاعلاج بیماری ہے، یہ پولیو وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے اور بنیادی طور پر 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتی ہے، یہ وائرس اعصابی نظام پر حملہ آور ہوتا ہے اور بعض صورتوں میں فالج یا موت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
پولیو کا کوئی علاج نہیں ہے، بار بار ویکسی نیشن بچوں کی حفاظت کا سب سے مؤثر طریقہ ہے، پولیو ویکسین نے لاکھوں بچوں کی پولیو سے حفاظت ممکن بنائی ہے، جس سے دنیا کے تقریباً تمام ممالک پولیو سے پاک ہوچکے ہیں، دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان 2 ایسے ملک ہیں جہاں پولیو تاحال موجود ہے۔