پشاور:نیب خیبر پختونخوا نے ضم شدہ اضلاع میں کرپشن کے الزام میں پاک پی ڈبلیو ڈی کے19افسروں سمیت 31ملزمان کے خلاف ایک ارب 9کروڑ 80لاکھ روپے کا ریفرنس دائر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ضم شدہ اضلاع خیبر، باجوڑ اور مہمند میں ایس ڈی جیز کے منصوبوں میں بڑے پیمانے پر غبن کا انکشاف ہوا ہے۔
غیر قانونی ٹھیکوں اور کرپشن کے الزام میں نیب نے تحقیقات مکمل کرکے پاک پی ڈبلیو ڈی کے 19افسران سمیت 31ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں 1098ملین روپے کا ریفرنس دائر کردیا۔
ریفرنس میں بتایا گیاکہ حکومت نے ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت تینوں اضلاع میں ترقیاتی سکیموں کیلئے لگ بھگ 1800ملین روپے فنڈ مختص کیا تھا۔
مذکورہ فنڈ تینوں اضلاع میں 52ترقیاتی اسکیموں کیلئے تھا، فنڈ-2021 22میں مختص کیا گیا تھا جس میں ملزمان نے ملی بھگت کے ذریعے غیر قانونی طور پر 47ٹھیکے دئیے۔
ریفرنس میں بتایا گیا کہ ملزمان نے جعلی پیمائشی کتب پر پیمنٹ بھی کی،ملزمان نے ملی بھگت، غیر قانونی ٹھیکوں اور جعلی پیمائشی بکس سے قومی خزانے کو 1098ملین روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔