خیبرپختونخوا میں 15 ستمبر سے بارشوں کی پیشگوئی ، الرٹ جاری

: خیبرپختونخوا میں 15 تا 20 ستمبر بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں جمعہ 15 ستمبر سے آئندہ بدھ 20 ستمبر تک وقفے وقفے سے مزید مون سون بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تیز بارشوں اور ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ پیشگی اقدامات اٹھائے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مراسلہ میں مزید کہا ہے کہ صوبے کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد اور صوبہ کے بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے۔

بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے کے مراسلہ میں ایسی کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی ہر قسم مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور برساتی نالوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پر مسافروں کو پیشگی خبردار کرے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مراسلہ میں بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دے سکتے ہیں۔