جعلی رسیدیں کیس کی سماعت میں پیشی کے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی لاہور سے اسلام آباد کے روانہ ہوگئی ہیں، جب کہ احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 12 اکتوبرتک توسیع کر دی ہے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جعلی رسیدیں کیس کی سماعت ہوئی، جج طاہرعباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے بشریٰ بی بی کی ضمانت پر دلائل کا وقت مقررکرنے کی استدعا کی، اور مؤقف پیش کیا کہ بشریٰ بی بی لاہورسے اسلام آبادکیلئے روانہ ہیں۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کیخلاف کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔
جعلی رسید کیس میں بشریٰ بی بی کیخلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 12 اکتوبر تک توسیع کردی۔
احتساب عدالت میں بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کچھ دیر بعد ہوگی۔
بشریٰ بی بی کے وکلاء احتساب عدالت پہنچ گئے ہیں، بشریٰ بی بی کے پہنچنے پر احتساب عدالت میں سماعت کا آغاز ہوگا۔
احتساب عدالت کے باہر اسلام آباد پولیس کی سخت سیکیورٹی تعینات کردی گئی ہے۔