مردان میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں دہشتگردوں کا سرغنہ ہلاک

سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 2 جھڑپوں میں دہشت گردوں کا سرغنہ ہلاک جبکہ پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مردان کے علاقے کاٹلنگ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا، اس دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد فیصل مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم کے علاقے پارا چنار میں بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک غیرت خان شہید ہوگیا، 33 سالہ غیرت خان کا تعلق کرم سے تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ 28 اور 29 ستمبر کی رات ہوئی۔