شہری کی درخواست پر محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور بھارتی مقدار میں سیلاب متاثرین کے لیے بھجوایا گیا سامان برآمد کرلیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ اسماعیل خان کو غلام عباس نامی شہری کی جانب سے درخواست موصول ہوئی کہ پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر سردار علی امین گنڈا پور کی رہائش گاہ پر سیلاب متاثرین کی جانب سے یو این ایچ سی آر اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھجوایا گیا سامان موجود ہے۔
درخواست پر محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ اسماعیل خان نے عدلیہ سے اجازت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کے ہمراہ سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی رہائش گاہ ’الامین ہاؤس ’پر چھاپہ مارا۔
اس دوران رہائش گاہ سے منسلک مکان سے سیلاب متاثرین کے لیے یو این ایچ سی آر کی جانب سے بھجوائے گئے 17ٹینٹ اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے بھجوائے گئے 8 ٹینٹ برآمد کرلیے۔
محکمہ اینٹی کرپشن کے ذریعے کے مطابق اس موقع پر سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے والد امین اللہ خان گنڈا پور بھی موجود تھے، جو برآمد ہونے والے سیلاب متاثرین کے لیے بھجوائے گئے سامان کی موجودگی کے بارے میں تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے سامان کی برآمد گی کے بعد اپنی انکوائری کا سلسلہ وسیع کردیا ہے۔