خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان نے صوبے کے ضم قبائلی اضلاع کی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کردی۔
اسٹیئرنگ کمیٹی کے انچارج صوبائی وزیر برائے ضم اضلاع جبکہ اسپیشل سیکرٹری داخلہ سیکرٹری ہونگے۔ وزیراعلیٰ نے اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے ”ضم اضلاع عملدرآمد یونٹ“ کے قیام کے احکامات بھی جاری کردیے ہیں۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی قبائلی اضلاع پر خصوصی فوکس رکھے گی اور وہاں ترقیاتی کاموں اور مسائل کے حل کے علاوہ سفارشات بھی مرتب کرے گی جبکہ ’’عمل درآمد یونٹ‘‘ اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے ساتھ اسے درکار ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گا۔
خزانہ، صحت، تعلیم، زراعت، معدنیات سیاحت اور محکمہ قانون کے ایڈیشنل سیکریٹریز بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ اسٹیئرنگ کمیٹی کسی بھی افسر یا ماہر کو کمیٹی میں شامل کرنا چاہے تو شامل کرسکے گی۔
ضم اضلاع عمل درآمد یونٹ سپیشل سیکرٹری محکمہ داخلہ کے ماتحت ہوگا جو اسٹیئرنگ کمیٹی کے سیکرٹریٹ کے طور پر کام کرے گا، جس میں چیف اکانومسٹ پی اینڈ ڈی، ڈی جی ایم اینڈ ای پی اینڈ ڈی، ڈی جی ایس ڈی ی، کوآرڈینیٹر پی ایم آریو اور ڈپٹی سیکرٹری وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اپنے امور کی انجام دہی کے علاوہ اضافی ذمہ داریاں نبھائیں گے جس کے لیے انہیں اعزازیہ دیا جائے گا۔
اسٹیئرنگ کمیٹی ضم اضلاع کے حوالے سے تمام امور کی انجام دہی اور نگرانی کے علاوہ انہیں تیز رفتار بنانے کے لیے کام کرے گی جس کے لیے وہ اپنے طور پر بھی اقدامات کرپائے گی اور وزیراعلیٰ یا چیف سیکرٹری سے ملنے والی ہدایات پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا۔ ضم اضلاع کے لیے نگران صوبائی وزیر اپیکس کمیٹی اور صوبائی ٹاسک فورس کو اس سلسلے میں رپورٹ کریں گے۔