عثمان رفیق اپنے انسٹاگرام اور یوٹیوب چینل پر ’ہر روز نیا کاروبار‘ کر کے یہ بتا رہے ہیں کہ وہ کس کس کاروبار میں پیسے لگا کر اپنا روزگار چلا سکتے ہیں۔
مگر عثمان یہ سب کیسے کر رہیں ہیں اور اُن کو یہ خیال کیسے آیا اُس سے پہلے یہ جان لیتے ہیں کہ اُنھوں نے وی لاگنگ کب شروع کی تھی؟
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عثمان اس وقت سترہ سال کے ہیں لیکن آج سے چار سال قبل اُنھوں نے یوٹیوب کے ذریعے وی لاگنگ یعنی ویڈیوز بنانے کا کام شروع کیا تھا۔ ان کے کام کو عوام کی جانب سے خوب پسند کیا گیا اور اس کی بنیادی وجہ ان کے مطابق اُن کے چینل کا نام اور زندگی گزارنے کا انداز تھا۔
عثمان کا تعلق متوسط طبقے سے ہے اور اس لیے اُنھوں نے یوٹیوب پر اپنے چینل کا نام بھی ’مڈل کلاس عثمان‘ رکھا ہے جو دیکھنے والوں کے لیے اپنائیت کا احساس پیدا کرنے کے لیے اہم تھا۔ چار سال پہلے شروع ہونے والا یہ سفر اب عثمان کو انسٹاگرام پر ایک انفلوئینسر بنا چکا ہے۔
عثمان کے والد گذشتہ 12 سال سے چپس اور سموسے پیچنے کا کاروبار کرتے ہیں۔ عثمان بھی اپنے دن کا آغاز اپنے والد کی دکان پر چیزیں فراہم کرنے سے کرتے ہیں۔
وہ بتاتے ہیں کہ ’میں منڈی جا کر اُلو، پیاز اور دیگر چیزیں خرید کر لاتا ہوں، اور پھر چیزیں تیار کروا کے پڑھنے چلا جاتا ہوں اس کے بعد میں کچھ گھنٹے پڑھ کر ویڈیوز بنانا شروع کر دیتا ہوں۔‘
پاکستان میں ایسے کتنے ہی نوجوان ہیں جو ایک کامیاب وی لاگر بننا چاہتے ہیں، جس کے لیے وہ ایک عرصے سے محنت کر رہے ہیں مگر عثمان نے صرف چار سال میں ہی ایسی کامیابی حاصل کر لی ہے کہ پاکستان کے کئی مشہور وی لاگرز اُن کے ساتھ مل کر ویڈیوز بنا رہے ہیں۔ ان کی کامیانی کی وجہ ان کا مواد ہے، جسے دیکھ کر لوگوں کو احساس ہوتا ہے کہ یہ تو وہ خود بھی کر سکتے ہیں۔
اگر عثمان کی جانب سے بنائے گئے مواد کی بات کریں تو انھوں نے کچھ عرصے پہلے انسٹاگرام ریلز کے ذریعے ویڈیوز بنانی شروع کیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ’میں روزانہ دیکھتا تھا کہ لوگ نوکری تلاش کر رہے ہیں، کبھی کوئی نیا بزنس شروع کرنے کا سوچ رہا ہے، مگر کسی بڑے بزنس میں پیسے لگانے سے ہر کوئی ڈر رہا تھا، پھر میں نے سوچا کیوں نہ ایسے لوگوں کو میں خود روزانہ ایک نیا بزنس کر کے آئیڈیا دوں۔‘
عثمان نے جب یہ کام شروع کیا تو انھیں احساس ہوا کہ ’اکثر افراد ٹھیلوں پر چیزیں بیچنے میں ہچکچاٹ محسوس کرتے ہیں اور کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہتے جس سے پاکستان جیسے معاشرے میں احساس شرمندگی جڑا ہو۔‘
عثمان کہتے ہیں کہ ’میں روز مرہ کی جو بھی اشیا بیچ رہا ہوتا ہوں مجھے معلوم ہے کہ لوگ اس طرح محنت کرنے میں کتراتے ہیں، مگر میں لوگوں کو یہی بتانا چاپتا ہوں کہ محنت کرنے میں کوئی بُرائی نہیں ہے، اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ کام بڑا ہے یا چھوٹا۔‘
عثمان کے مطابق وہ ایک مہینے میں اپنے یوٹیوب چینل اور سوشل میڈیا سے مجموعی طور پر ایک سے دو لاکھ روپے کما لیتے ہیں۔