نسیم شاہ کی غنودگی میں اپنی مرحومہ والدہ کو پکارنے کی ویڈیو وائرل

لندن: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی غنودگی میں اپنی ماں کو یاد کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔

نسیم شاہ کی لندن کے اسپتال میں بدھ کو کندھے کی کامیاب سرجری ہوئی جس کے بعد وہ اس وقت اسپتال میں ایڈمٹ ہیں جہاں وہ تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔

نسیم شاہ اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے رو پڑے اور پوچھنے لگے کہ کیا میری ماں مجھ پر فخر کرتی ہوں گی؟۔ میری ماں دنیا کی بہترین ماں تھیں۔

اس دوران وہاں موجود شخص نے انہیں دلاسا دیا کہ وہ (امی) تمہیں آسمان سے دیکھ رہی ہیں، انہیں پتا ہے آپ کس حالت میں ہیں  اور تمہارے لیے دعائیں کررہی ہیں۔ تم انکا فخر ہو اور آئندہ بھی رہو گے۔

ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں نسیم شاہ کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث وہ نہ صرف ایشیا کپ سے باہر ہوگئے تھے بلکہ ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بھی نہیں بن سکے، اس بات پر وہ شدید غمزدہ بھی ہیں۔

نسیم شاہ کو چار سے چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور وہ مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ہی دوبارہ بولنگ شروع کرسکیں گے، نسیم شاہ کے تین سے چار ماہ تک ایکشن سے باہر رہنے کا امکان ہے۔

نسیم شاہ کی والدہ نومبر 2019 میں اُس وقت انتقال کرگئی تھیں جب فاسٹ بولر قومی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کے ٹور پر تھے جہاں انہوں نے اپنا پہلا ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنا تھا تاہم انٹرنیشنل کیریئر کے آغاز سے پہلے ہی انہیں زندگی کے سب سے بڑے صدمے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نسیم شاہ اپنی والدہ کے جنازے میں بھی شرکت نہیں کرپائے تھے۔