قیدی کو سالگرہ مبارک - سائفر کیس میں قید عمران خان کے لئے سوشل میڈیا پر کارکنوں کے پیغامات کی بارش

اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج اپنی 71 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکاونٹ پر بھی عمران خان کی سالگرہ کے حوالے پوسٹس میں انہیں مبارکباد دی گئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس حوالےسے شیئرکی جانے والی ویڈیو میں ایک کیک پر’اٹک قیدی نمبر804’ لکھوایا گیا ہے جو انہیں ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں الاٹ کیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم اس وقت سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں جہاں ان کا نمبر 943 ہے تاہم تحریک انصاف کی جانب سے انہیں قیدی نمبر 804 ہی کہا جارہا ہے۔

عمران خان کی وجہ شہرت سیاست سے زیادہ کرکٹ ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے کریئر کے حوالے سے مختصر پوسٹ کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ سابق کپتان نے 88 ٹیسٹ میچز میں آل راونڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 ہزار 807 رنز بنائے اور اس کے ساتھ 362 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان کے ون ڈے کریئر کے حوالے سے بتایا کہ عمران خان نے 175 ایک روزہ میچز میں 3 ہزار 709 رنز بنارکھے ہیں جب کہ 182 وکٹیں بھی حاصل کیں، جب کہ 1992 کی فاتح پاکستانی ٹیم کے وہ کپتان بھی تھے۔ اور وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہال آف فیم میں بھی شامل ہیں۔

عمران خان نیازی 05 اکتوبر 1952ء کولاہورمیں اکرام اللہ خان نیازی کے گھر پیدا ہوئے، وہ 4 بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں۔