بونیر میں پولیس وین پر راکٹ حملہ، ڈرائیور جاں بحق، 3 اہلکار زخمی

بونیر: ایلم غر میں پولیس وین پر راکٹ حملے میں ڈرائیور امیر زاد جاں بحق اور 3 اہل کار زخمی ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بونیر میں ایلم غر (پہاڑی) کے علاقے میں  پولیس وین پر راکٹ سے حملہ کیا گیا جس میں وین ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگیا جب کہ گاڑی میں موجود 3 جوان زخمی ہوگئے۔

پولیس وین ایلم غر میں عسکریت پسندوں کے خلاف  جاری آپریشن میں شریک فورسز کے لیے خوراک لے کر جا رہی تھی کہ ایلم کے راستے میں جبراسے گورنمنٹ سکول کے قریب حملے کا نشانہ بن گئی۔

واقعے کے بعد پولیس اور فوج کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور جاں بحق اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا۔

مقامی حکام نے واقعے کی تصدیق کی ہے جب کہ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سوات بونیر کے سنگم پر ایلم پولیس اسٹیشن کی موبائل وین پر راکٹ حملہ  ہوا، جس میں ایک اہلکار (ڈرائیور) جاں بحق اور تین زخمی ہوئے ہیں۔