دنیا قابض اسرائیلیوں کے ہاتھوں بیگناہ فلسطینیوں پر تشدد کا راستہ روکے، افغان وزارت خارجہ

فلسطین میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری کے ردعمل میں افغان حکومت نے کہا ہے کہ دنیا بالخصوص اسلامی ممالک اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں پر تشدد بند کرنے کا مطالبہ کریں۔

افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں ہونے والے تازہ ترین واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ایسے واقعات کی وجہ صیہونی اسرائیلیوں کی طرف سے مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی اور مقدس مقامات کی بے حرمتی ہے۔ مسلمانوں کو بار بار توہین آمیز معاملات سے مشتعل کیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امارت اسلامیہ فلسطینی عوام کی آزادی اور ان کے مقدسات کے دفاع اور مزاحمت کو اپنا جائز حق سمجھتی ہے۔

افغان وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اسلامی ممالک، اسلامی تعاون تنظیم، عالمی برادری اور بالخصوص خطے میں اثرورسوخ رکھنے والے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کو بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام اور تشدد سے باز رکھیں اور فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق دیتے ہوئے مسئلہ فلسطین کو حل کریں۔