پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین( پی ٹی آئی پی) کے چیئرمین پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ کرسی نہیں بہتری چاہتا ہوں ، اپنی پارٹی چلا رہا ہوں کسی کو توڑنے جوڑنے کے لیے نہیں آیا۔
پشاور میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین شمولیتی تقریب سے پرویزخٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین میں مسلم لیگ ق کےصوبائی صدر علامہ محمد شعیب ساتھیوں سمیت شامل ہوئے، ان کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں بھی دین کے لیےخدمت کی، علماء کرام کے لیے وظیفہ بھی مقرر کیا، مساجد میں سولر سسٹم لگائے ، علماء ہماری جماعت کا اہم حصہ ہیں،ان کے ساتھ مل کر دین کی خدمت کریں گے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ کرسی نہیں بہتری چاہتا ہوں تاکہ عوام کو فائدہ پہنچا سکوں، نظام ٹھیک کرنا اور اصلاحات لانا چاہتےہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے الیکشن کمیشن کو اختیار دیا اب ڈرامے کر رہے ہیں، اپنی پارٹی چلا رہا ہوں کسی کو توڑنے جوڑنے کے لیے نہیں آیا، پی ڈی ایم عوام کو گمراہ کر رہی ہے، انہوں نے 35 سال میں ملک کی کیا خدمت کی ہے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ مدارس کی رجسٹریشن ضروری ہے، بغیر رکارڈ کے افغانیوں کو واپس جانا چاہیے، ملک کا کباڑہ بنایا ہے ہر بندہ اکر گھومتا پھرتا ہے۔